کراچی کے علاقے کشمیر کالونی میں ایک گھر میں آگ لگ گئی ، آتشزدگی کے نتیجےمیں 3 بچے جھلس کر جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں
کراچی کے علاقے کشمیر کالونی میں واقع ایک گھر میں آگ لگ گئی جس کےنتیجےمیں 3 بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق فائر بریگیڈ نے پہنچ کر گھر میں لگی ہوئی آگ پر قابو پا لیا ہے، آگ لگنے کے وقت گھر میں میاں بیوی اور ان کے 4 بچے تھے۔آگ سے جھلس کر 3 بچے جاں بحق، جبکہ ایک بچہ اور اس کے والدین زخمی ہو گئے۔
جاں بحق بچوں کی شناخت حمزہ، ثانیہ ، عمامہ کے نام سے ہوئی جو تینوں بہن بھائی ہیں، بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں برنس وارڈ میں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں جنہیں جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔