وفاقی کابینہ نے قومی
احتساب بیورو اور امریکی ادارے ایف بی آئی کے درمیان معاہدے کی منظوری دے
دی۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں ایف سی کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی
اسلام آباد، وفاقی کابینہ نے نیب اور امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کے درمیان معاہدے کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور امریکی ادارے ایف بی آئی کے درمیان ایک معاہدے کی منظوری دے دی۔کابینہ اجلاس میں نوشہرہ میں ریلوے زمین پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے گلگت بلتستان میں ٹمبر مافیا کے خلاف اقدام کے لئے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی تین سال کے لئے تعیناتی کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں کورونا آئسولیشن اسپتال کو فعال کرنے کے لیے فنڈز جاری کرنے، فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی اور قائم مقام چیئرمین ایف بی آر کی مدت ملازمت میں تین ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دے دی گئی۔کابینہ کے اجلاس میں ملک میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر اجلاس میں تفصیلی بحث ہوئی۔ معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو تازہ صورت حال پر بریفنگ دی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 24 دسمبر کے فیصلوں اور نجکاری کمیٹی کے24 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کردی۔