پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے بعد
ٹیسٹ کے امتحان میں بھی فیل ہوگیا ، ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے
101 رنز سے شکست دیدی، کیویز کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی
نیپیئر،ماؤنٹ مانگنوئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101رنز سے مات دیدی، کیویز کو ٹیسٹ سیریز میں قومی شاہینوں پر 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے ۔پاکستان کو جیت کیلیے 373 رنز کا ہدف ملا ، مہمان ٹیم کیلیے پانچویں روز کی پچ پر پورا دن بیٹنگ کرنا آسان نہیں لگ رہا تھا مگر بیٹسمینوں نے غیر معمولی مزاحمت دکھائی۔
پاکستان نے 3 وکٹ پر 71 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اظہر علی 38 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فواد عالم اور کپتان محمد رضوان نے طویل شراکت قائم کرتے ہوئے 160 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ڈرا کے امکانات روشن کیے۔
محمد رضوان 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کا مجموعہ 240 تھا، کپتان کے بعد فواد عالم بھی 102 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، یاسر شاہ کھاتہ بھی نہیں کھول پائے، فہیم اشرف نے 19 رنز بنائے، محمد عباس بھی ایک رن ہی بناسکے ۔
آخر میں پاکستان کو شکست ٹالنے کیلیے مزید 5 اوورز کھیلنا تھے کہ نسیم شاہ کی ہمت جواب دے گئی، وہ صرف ایک ہی رن بنا سکے اور مچل سینٹنر نے ان کا شکار کرلیا، پاکستان کی اننگز 271 پر تمام ہوئی، شاہین شاہ 8 پر ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں 101 رنز سے فتح حاصل کی۔