کراچی، کورونا وائرس نے
مزید اٹھاون زندگیاں چھین لیں، حکومت پاکستان نے چین کی کمپنی سائنو
فارم سے ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا
کراچی، پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 58 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 10 ہزار105 افراد موذی مرض کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 695 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں مزید 2 ہزار 475 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستان میں مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 66 لاکھ 96 ہزار 68 ہوگئی ہے جبکہ کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 79 ہزار 715 ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد34ہزار537 ہے جب کہ 2 ہزار 206 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کمیٹی نے چینی کمپنی سائنو فارم سے کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ابتدائی طور پر سائنو فارم سے 12 لاکھ ڈوز خریدی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت لگے گی، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر عالمی طور پر منظور ویکسین درآمد کرسکتا ہے۔