اسلام آباد، مفتی منیب
الرحمن کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، مولانا
عبدالخبیر آزاد نئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تعینات
اسلام آباد، وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مولانا عبدالخبیر آزاد کو رویت ہلال کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی میں 19 ارکان شامل کیے گئے ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں راغب نعیمی ، حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم،ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹرمفتی علی اصغر،فیصل احمد،سید علی قرار، مفتی فضل جمیل ،حافظ عبدالغفور،یوسف کشمیری،قاری میر اللہ ، حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیرشامل ہیں۔
نئی کمیٹی میں سپارکو،محکمہ موسمیات ،سائنس ٹیکنالوجی اوروزارت مذہبی امورکا ایک ایک نمائندہ شامل کیا گیا ہے۔مفتی منیب الرحمان 19 سال تک مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین رہے۔ ان کے دور میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کا تنازع زوروں پر رہا۔ مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے درمیان طویل عرصہ تک نوک جھونک اور چاند کا تنازع چلتا رہا جبکہ مفتی منیب الرحمن اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری میں بھی اختلافات رہے۔ مفتی منیب وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے سالانہ کیلنڈر کے بھی شدید مخالف رہے۔