کراچی ،کورونا وائرس سے
ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید اکہتر افراد جاں
بحق ہوگئے، دو ہزار چار سو تریسٹھ نئے مریض سامنے آگئے
کراچی، پاکستان میں کورونا وائرس سے چوبیس گھنٹوں کےدوران مزید 71 افراد جاں بحق ہوگئے ، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 773 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 39 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 67 لاکھ 37 ہزار 107 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 463 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 82 ہزار 178 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد34ہزار773 ہےجب کہ 2 ہزار 216 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔کمانڈ سینٹر کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 71 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار 176 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 156 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ، ملک میں اب تک وبا کو شکست دینےوالے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 37 ہزار 229 ہوگئی ہے۔