کراچی میں ٹھنڈ نے ڈیرے ڈال دیے ، شہر قائد میں سردی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا
کراچی، شہر قائد میں نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی سردی کی شدت کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، سال کے پہلے دن سردی کی شدت برقرار رہی ، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ریکارڈ کیا گیاجو کہ 10سال کا کم ترین درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل 2014 میں درجہ حرارت 6.5 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیرین ہواؤں نے شہر کے موسم کو مزید سرد بنادیا۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ کراچی میں سردی کی لہر مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گی، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہےجبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمالی سمت سے ہوائیں10کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔