لاہور، منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف نے ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کر دی
لاہور، شہباز شریف، حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کی۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا لیکن شہباز شریف کے وکیل اسلام آباد میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے۔صدر مسلم لیگ نے کہا کہ جج صاحب آپ اپنے اختیارات استعمال کریں جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ کو بکتر بند گاڑی سے بلٹ پروف گاڑی میرے حکم پر ہی دی گئی، جب پاور استعمال کرنے کا وقت آئے گا ،استعمال کریں گے۔شہباز شریف نے ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کی جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ تحریری درخواست دیں، میں اس پر قانون کے مطابق حکم دوں گا۔ احتساب عدالت کیس میں 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کرچکی ہے ۔واضح رہے کہ عدالت میں ڈی جی نیب لاہور نے شہباز شریف ان کی اہلیہ تہمینہ درانی بیٹے، بیٹی اور داماد کی جائیداد قرق کی رپورٹ جمع کروائی تھی۔