اسلام آباد، حکومت نے پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دیدی، وزیرا عظم کہتے ہیں حکومت مچھ حملے کے متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے احتجاج کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو شوق ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلے، احتجاج میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے، تاہم کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گا۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں شیخ رشید احمد نے مچھ مقتولین کے لواحقین سے ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ بابر اعوان نے اسامہ ستی کے والدین کا مؤقف کابینہ میں پیش کیا۔ کابینہ نے مچھ حملے اور اسامہ ستی قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہئیں۔
خیال رہے پی ڈی ایم نے 19 جنوری منگل کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے اور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے کل اہم اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔