لاہور، حکمران فرار ہونے کیلئے موقع کی تلاش میں ہیں، سراج الحق کہتے ہیں وزیر اعظم نے نوے دن مانگے تھے جب کہ نوسو دنوں میں صرف چیف سیکرٹریز اور آئی جی تبدیل کیے گئے
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر لائی جانے والی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اب حکمران فرار ہونے کےلیے موقع کی تلاش میں ہیں۔
منصورہ لاہور میں مجلس شوری کے اجلاس بعد سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک مہنگائی اور بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، اسلام آباد میں اسامہ نامی نوجوان کو اور بلوچستان میں 11 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار بیرون ملک جارہے ہیں جب کہ حکومت صرف اپوزیشن کے خلاف بیان بازی کر رہی ہے۔نیب کو سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، شوگر مافیا کے خلاف کمیشن رپورٹ پر عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے خود اعتراف کیا ہے کہ ان کی تیاری نہیں تھی، انہوں نے 90 دن مانگے تھے جب کہ 900 دنوں میں صرف چیف سیکرٹریز اور آئی جی تبدیل کیے گئے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 31 جنوری کو سرگودھا میں جلسہ کریں گے اور 5 فروری کو کشمیر یوں سے یکجہتی کے لیے ملین مارچ کیا جائے گا۔