اسلام آباد، وزیر اعظم نے سانحہ مچھ کے متاثرین سے ملنے کیلئے کوئٹہ جانے کا اعلان کردیا
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ہے شہدا کی تدفین کی جائے، شہداء کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں، کبھی بھی عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔
دوسری جانب سانحہ مچھ کے ورثا کا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر چوتھے روز بھی دھرنا جاری ہے۔ لواحقین نے وزیراعظم کے آنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
مظاہرین اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور بھی ناکام رہا، وفاقی وزیر علی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری وزیراعظم کی ہدایت پر رات گئے کوئٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے مغربی بائی پاس پر دھرنا دینے والوں کے ساتھ مذکرات کئے۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ ولی عصر پہنچے جہاں علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ضرورآئیں گے تاہم درخواست ہے تدفین سے مشروط نہ کریں۔
ادھر سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے نمائش چورنگی پر شمعیں روشن کی گئیں۔ جس میں متعدد علمائے کرام نے شرکت کی۔ بعد ازاں شرکاء نے نمائش چورنگی روڈ بلاک کرکے دھرنا دیدیا اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ہم ہزارہ برادری کے ساتھ ہیں اور جب تک کوئٹہ مظاہرین کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔