کراچی، چینی قونصلیٹ حملے میں سہولت کاری پر بی ایل اے کے پانچ کارندوں پر فرد جرم عائد کردی گئی
کراچی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے چینی قونصل خانے پر حملے میں سہولت کاری کے الزام میں کالعدم بی ایل اے کے پانچ کارندوں پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔سماعت کے موقع پر ملزمان احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف اور اسلم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ عبداللطیف سمیت دو ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں، ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد فراہم کیا، ملزمان کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور بیرون ملک سے معالی معاونت حاصل ہے۔پولیس نے عدالت کو مزید بتایا کہ کیس میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹر پول رابطہ کیا جائے گا، 15 مفرور ملزمان میں حربیار مری، علی داد بلیدی کمانڈر شریف شامل ہیں۔
اس موقع پر عدالت نے سہولت کاری کے الزام میں کالعدم بی ایل اے کے 5 کارندوں پر فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کردئیے۔