راولپنڈی، پاکستان میں کوئی بھی منظم دہشت گرد تنظیم موجود نہیں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، رواں سال کورونا، معیشت، سیکیورٹی مسائل کا سامنا رہا، کورونا صورتحال نے معاشی و غذائی صورتحال کو خطرے میں ڈال دیا۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اندرونی و بیرونی خطرات کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا، دہشتگردی کیخلاف کامیاب آپریشن کیے گئے، آپریشن رد الفساد میں 3 لاکھ 71 ہزار سے زائد آپریشن کیے، دہشتگردی کیخلاف آپریشن سے سیکیورٹی صورتحال مجموعی طور پر بہتر ہوئی، خودکش حملوں میں 97 فیصد واضح کمی آئی، آج تمام قبائلی علاقے خیبرپختونخوا کا حصہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی میں 95 فیصد کمی آئی، کراچی میں اغوا برائے تاوان میں 98 فیصد کمی آئی، کراچی کا کرائم انڈیکس چھٹے نمبر پر تھا، اب 103 پر ہے، سرحدی علاقے میں دہشتگردی 55 فیصد کم ہوگئی۔
میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ ہمیں بھارتی اشتعال انگیزیوں کا سامنا ہے، بھارت نہیں چاہتا پاکستان پر امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو، مشرقی سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا، بھارتی افواج دانستہ طور پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، پاک فوج نے بھارتی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ بھرپور جواب دیا، بھارت نے 2019 میں سب سے زیادہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں۔