Jan 16, 2021 05:58 pm
views : 230
Location : Domestic Place
Karachi- South Africa team reach Pakistan after thirteen years
کراچی، جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم تیرہ برس تین ماہ بعد پاکستان پہنچ گئی، اڑتیس رکنی اسکواڈ چارٹرڈ فلائٹ سے کراچی پہنچا
پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے ایک اور اہم سنگ میل عبور، جنوبی افریقہ کی ٹیم تیرہ سال تین ماہ بعد پاکستان پہنچ گئی۔ اڑتیس رکنی سکواڈ چارٹرڈ فلائٹ سے کراچی پہنچا۔
کونٹن ڈی کوک کی قیادت میں جنوبی افریقا کی مضبوط ٹیم پاکستان آئی ہے۔ مہمان ٹیم کو سخت سیکورٹی میں ائیر پورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا۔ مہمان ٹیم قرنطینہ کے دوران کراچی جیمخانہ میں ٹریننگ کرے گی۔ جیمخانہ گراؤنڈ میں چار پریکٹس وکٹیں تیار کی گئی ہیں۔ کھلاڑی نجی ہوٹل میں قیام کریں گے۔ جہاں وہ بائیو سیکور ببل میں ہوٹل سے گراونڈ آجا سکیں گے۔ قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد مہمان ٹیم نیشنل سٹیدیم کراچی میں پریکٹس کا آغاز کرے گی۔
یاد رہے جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
واضح رہے ٹیسٹ سیریز میں پروٹیز کا پلہ بھاری ہے۔ جنوبی افریقہ 26 مقابلوں میں 15 میچ جیتے، صرف چار میں پاکستان کو فتح ملی، 7 بے نتیجہ رہے۔ پروٹیز آخری بار اکتوبر 2007 میں پاکستان آئی، 4 شہروں میں 2 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچ بھی کھیلے تھے۔