لاہور، قومی احتساب بیورو نے چودھری برادران کے خلاف تمام انکوائریاں بند کردی، نیب پراسیکیوٹر نے لاہور ہائی کورٹ میں بیان دیدیا
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس صداقت علی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے چودھری برادران کی چیئرمین نیب کے اختیارات کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ڈی جی نیب شہزاد سلیم رپورٹ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنیوالے ادارہ ہے، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بهی دے چکی ہیں، نیب نے 20 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر ناکام ہوا، ہمارا سیاسی خاندان ہے، سیاسی طور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
وکیل چودھری برادران نے کہا کہ چودھری پرویز الہی کے خلاف بطور وزیر بلدیات کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے مگر کوئی ٹھوس شواہد نہ ملے، کسی بھی مالی ادارے کی جانب سے نیب کو کرپشن کے شواہد نہ ملے، بے داغ سیاسی کیریئر کے حامل ہیں، کبھی کرپشن نہیں کی، عدالت سے استدعا ہے کہ نیب کا 20 برس پرانے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے۔
خیال رہے کہ چودھری برادران نے نیب کی جانب سے دوبارہ تحقیقات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔