Jan 22, 2021 03:00 pm
views : 235
Location : National Stadium
Karachi- Leading commentators have been announced in the commentary panel for the Test series against South Africa.
کراچی، جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کمنٹری پینل میں معروف کمنٹیٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا
جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کمنٹری پینل میں معروف کمنٹیٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا، کمنٹری کرنے والوں میں وسیم اکرم، رمیز راجہ ،بازید خان، مائیک ہیسمین ،ڈیرل کلینن اور سائمن ڈول بھی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان کے ساتھ مائیک ہیسمین اور ڈیرل کلینن سمیت نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر سائمن ڈول بھی کمنٹری کرنے والوں میں شامل ہوں گے، وسیم اکرم صرف ٹیسٹ سیریز جبکہ سائمن ڈول صرف ٹی ٹونٹی سیریز میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
غیرملکی کمنٹیٹر جنوبی افریقہ کے سابق بیٹسمین ڈیرل کلینن کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان واپسی پر بہت خوش ہیں، دونوں ٹیمیں باصلاحیت ہیں، لہٰذا وہ ایک شاندار سیریز کے انعقاد کے منتظر ہیں۔نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر سائمن ڈول کا کہناہے کہ وہ اعلیٰ معیار کے فاسٹ بولرز پر مشتمل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آغاز کا اب مزید انتظار نہیں کرسکتے۔
معروف کمنٹیٹر مائیک ہیسمین کا کہنا ہے کہ سال 2003 میں پاکستان میں کھیلی گئی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر انہوں نے آن ائیر ایک جملہ کہا تھا کہ ان دونوں ٹیموں کو کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا، آج اٹھارہ سال بعد ان دونوں ٹیموں کے درمیان جنگ کا دوبارہ آغاز ہونے جارہا ہے،اس تاریخی ٹور پر انہیں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز کے میچز پر تبصرہ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔