Jan 22, 2021 04:00 pm
views : 240
Location : Domestic Place
Islamabad- PML-N, PPP reject Justice (r) Azmat's appointment as Broadsheet inquiry committee head
اسلام آباد، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے براڈشیٹ اسکینڈل میں جسٹس (ر) عظمت سعید کی تقرری کی مخالفت کردی، پیپلز پارٹی بھی ن لیگ کی ہم خیال نکلی
حزب اقتدار اور حزب اختلاف کا براڈ شیٹ تحقیقات کے معاملے پر تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جسٹس (ر) عظمت سعید کی تقرری کو مسترد کرتے ہوئے سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سے تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران صاحب ہمت کر کے قوم کو صحیح بتائیں کہ آپ کو این آر او چاہیے، سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سے ہی تحقیقات کرانا براڈ شیٹ سے بڑا فراڈ ہے، جسٹس (ر) عظمت سعید شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں، عمران صاحب نے ثابت کر دیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے نیچے کوئی بھی شفاف، آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات نہیں ہو سکتی۔
دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن نے براڈ شیٹ معاملے پر ایک بار پھر سینیٹ ہول کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ سینیٹر جاوید عباسی نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ کے معاملے پر میڈیا میں تماشہ لگا ہوا ہے، خود کہا تھا کہ اس معاملے پر کمیٹی بنائیں، کمیٹی آف ہول سے بڑی کوئی کمیٹی نہیں ہو سکتی، معاملہ ایسا تھا جس پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے تھا، حکومت نے وعدہ کر کے کمیٹی کی تشکیل نہیں کی، براڈ شیٹ میں جن کے نام ہیں، انہیں کمیٹی میں بلایا جائے، حکومت نے اپنی مرضی سے ایک الگ کمیٹی بنا دی۔
ادھر براڈ شیٹ معاملے پر پیپلزپارٹی بھی ن لیگ کی ہم خیال نکلی، تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل مسترد کر دی۔ نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ کمیٹی کے سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بد دیانتی سامنے آ چکی، جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کی تعیناتی کا مقصد تمام ملبہ اپوزیشن اور سابقہ حکومتوں پر گرانا ہے۔