Jan 22, 2021 04:07 pm
views : 239
Location : Domestic Place
Karachi- Broadsheet scandal will become Panama Leaks 2 in Pakistan, Shaikh Rasheed
کراچی، شہر قائد میں امن شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، وفاقی وزیر داخلہ کہتے ہیں براڈ شیٹ سے جو نکلے گا وہ حزب اختلاف کو اپنی لپیٹ میں لے گا
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سیاست اپنی جگہ مگر کراچی کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہیئے، معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، عالمی قوتیں سی پیک کو نقصان پہنچانے کیلئے برسرپیکار ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ براڈ شیٹ سے جو نکلے گا ان کو لپیٹ میں لے گا، پہلے بھی کہا تھا یہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے، استعفے دیئے گئے نہ ہی سینیٹ انتخابات سے باہر ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں جو حشر ان کا ہوا دیکھنے کے قابل تھا، جو مرضی کرلیں آپ کو اقتدار نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ پناما ٹو بننے جا رہا ہے، مریم نواز بولنے سے پہلے پڑھ لیا کریں، براڈ شیٹ کمیٹی کا چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت کو نہ لگائیں تو کیا قیوم ملک کو لگائیں، شیخ عظمت سعید نے والیم ٹین پڑھ رکھا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ختم نبوت پر (ن) لیگ ترمیم لائی، فضل الرحمان نے حمایت کی، گولڈن ٹیمپل کا دورہ کرنیوالے کیسے مزار قائد پر بول سکتے ہیں، عمران خان نے جتنا کشمیر کا کیس لڑا، کسی اور نے نہیں لڑا۔