Jan 23, 2021 07:33 pm
views : 285
Location : Domestic Place
Karachi- CM Sindh, Ali Zaidi pen letters to premier after verbal clash
کراچی، وفاقی وزیر علی زیدی اور وزیر اعلیٰ سندھ آمنے سامنے ہوگئے
وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مابین تلخ کلامی اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج سےمتعلق سولہ جنوری کو منعقدہ اجلاس میں ہوئی، اور علی زیدی نے اجلاس سے جاتے ہوئے مبینہ طور پر مغلظات بھی بکیں تھیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے سولہ جنوری کو ہونے والے اجلاس سے واک آؤٹ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ سے واٹر بورڈ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اختیار ضلعی سطح پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا، کیوں کہ شہری سہولیات کے اداروں کی منتقلی کا وعدہ خود وزیراعلیٰ نے کئی ماہ قبل کیا تھا، تاہم مراد علی شاہ نے میرے اس مطالبے پر تین مرتبہ جواب دیا کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ اگروزیراعلی صوبے سے منتخب رکن قومی اسمبلی کو جواب دہ نہیں تو میرے پاس اس اجلاس میں بیٹھ کر وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہ تھی، اور پھر اس کے بعد وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعظم عمران خان کو گھمنڈ بھرے انداز میں خط لکھا، جس میں انہوں نے وزیراعظم کے مرتبے کا خیال نہیں رکھا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ علی زیدی نے کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج اجلاس میں صورت حال کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، اجلاس کے اختتام پر علی زیدی کے روئیے اور بدکلامی پر اسدعمر نے مرادعلی شاہ سےمعافی مانگی، علی زیدی ہر اجلاس میں بدتمیزی والا رویہ اختیار کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کا خط ان کے منفی رویئے کی نشاندہی کرتاہے۔