Jan 23, 2021 07:37 pm
views : 265
Location : Domestic Place
Karachi- Residents of City will not be silent on the controversial census, says Mustafa Kamal
کراچی، شہر قائد کے باسی متنازعہ مردم شماری پر چپی نہیں سادھیں گے، مصطفیٰ کمال
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق ناظم شہر سید مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی متنازعہ مردم شماری پر اب چپی نہیں سادھے گا، اعدادوشمار درست نہ ہوئے تو ہر سطح پر محاذ آرائی ہوگی، وفاق اتحادیوں کو بچانے کے در پے ہے، ایم کیو ایم جیسی جماعت کو نوٹس دیتے نیب کے ہاتھ کیوں کانپتے ہیں۔
کراچی میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ متنازع مردم شماری کو قانونی قرار نہیں دیا جاسکتا، سب کہہ چکے ہیں کراچی کی آبادی تین کروڑ سے زائد ہے، ہم کراچی کے مسائل حل نہ ہونے پر مایوسی کا شکار ہیں، چیف جسٹس نے خود کہا کراچی کی آبادی تین کروڑ سے زیادہ ہے، تیرہ سالوں سے ایک بس نہیں دی، شہر کو کچرا بنا دیا، ہم خاموش رہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آپ نے ہسپتال اور یونیورسٹی اجاڑ دی ہم خاموش رہے، یہاں سے انڈسٹریز اجاڑ دیں ہم خاموش رہے، مردم شماری پر خاموش رہے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
دوسری جانب کراچی کی احتساب عدالت میں کلفٹن اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کے تفتیشی افسر اور گواہ کی عدم حاضری کے باعث سماعت تیس جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔