مفتاح اسماعیل کا بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
رہنمامسلم لیگ ن مفتاح اسماعیل کا بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت 1 روپے95 پیسےبڑھا کرعوام کی جیب پر200 ارب کا نیا ڈاکا ڈالا گیا۔
مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافہ واپس لیا جائے، حکومت اصلاحات لائے، بجلی کی ترسیل کے نقصانات پر قابو پائے، نیپرا میرٹ آرڈر پرعمل کیا جائے، صنعتوں کو گیس نا دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گردشی قرضہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے سے بجلی کی قیمت بڑھائی جارہی ہے، ہم ایک ہزار36 ارب پر گردشی قرض چھوڑ کرگئے تھے، ہمارے چھوڑے گردشی قرض میں بجلی کا خسارہ اور بینک کا قرض شامل تھے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ایک ہزار 36 ارب کا گردشی قرض 2400 ارب سے بھی تجاوز کر چکا ہے، عمران خان نےحکومت میں آتے ہی بجلی کی قیمت بڑھائی تھی تا کہ گردشی قرض نا بڑھے، عمران خان نے گردشی قرض صفر کردینے کا دعویٰ کیا تھا۔