Jan 26, 2021 03:58 pm
views : 242
Location : Accountibility Courts
Islamabad- Accountability bureau has itself become accountable, Shahid Khaqan
اسلام آباد، جو سوالات ہم سے کئے جاتے ہیں وہ باقیوں سے کیوں نہیں ہوتے؟ شاہد خاقان عباسی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے، احتساب کے ادارے نیب کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ آج نہ انصاف ہورہا ہے اور نا ہی انصاف ہوتا نظر آرہا ہے،آج ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی ہے، سی پیک پر کام عملی طور پر رک چکا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، احتساب کے نام پر انتقام کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتیں ایک ویزے پر لوگوں کو نااہل قرار دیتی ہیں لیکن وہ آج خاموش کیوں ہیں، وہ کون تھا جو براڈ شیٹ کے مالک کاوے موسوی سے ملا، احتساب کا ادارہ سمجھا جانے والا آج خود قابل احتساب ہے، آج نیب سے کوئی پوچھنے والا نہیں، نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے، براڈ شیٹ معاملے میں سابق صدر پرویز مشرف کا نام بھی آتاہے، ان کا بھی ریمانڈ لیا جائے۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب بیس برسوں سے براڈ شیٹ کا معاملہ چلا رہی ہے،براڈشیٹ تو صرف ایک کیس ہے، ایسے کئی کیس نیب کی ناانصافیوں کی داستان ہیں۔ براڈ شیٹ دستاویزات کا بہت چھوٹا حصہ عوام کے سامنے آیا، ہمت ہے تو تفصیلات لائیں، بڑے بڑے نام منظرعام پر آئیں گے ۔ سیاستدانوں سے جس معیار کے سوال کئے جاتے ہیں اسی طرح کے سوال کئے جائیں تو نیب کے 3 چیئرمین جیل میں ہوں گے۔