Jan 28, 2021 01:10 pm
views : 241
Location : Domestic Place
Islamabad- First batch of coronavirus vaccine to reach Pakistan on Saturday
اسلام آباد، چین کی طرف سے پاکستان کو انسداد کورونا ویکسین کی گیارہ لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ ہفتہ کو پاکستان پہنچے گی
آہنی برادر چین کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی جانے والی انسداد کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو پاکستان پہنچے گی۔ اس حوالے سے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) ویکسین وطن لانے کیلئے مفت خدمات فراہم کرے گی۔
وزارت خارجہ، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور چینی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کو ویکسین پاکستان لانے کے حوالے سے گرین سگنل دے دیا گیا۔ قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ کل جمعہ کو ویکسین لینے چین کے دارالخلافہ بیجنگ روانہ ہوگا۔
قومی ایئر لائن کا خصوصی طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ میں پانچ لاکھ خوراکیں لائے گا، قومی ایئر لائن کا بوئنگ 777 طیارہ ہفتے کو بیجنگ سے ویکسین لے کر نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔
دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اگلے ہفتے سے کورونا وائرس کی وبا کے سدباب کیلئے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں چھ سو ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ویکسینیشن کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔ ملک میں سیکڑوں ویکسینیشن مراکز کوویڈ ویکسین لگائیں گے۔