Jan 28, 2021 01:15 pm
views : 243
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- American Journalist Daniel Pearl Murder Case, SC orders to release prime accused Omar Sheikh
اسلام آباد، سپریم کورٹ نے ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیدیا، سندھ حکومت کی ملزمان کی رہائی کے خلاف اپیل خارج کردی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کا فوری طور پر حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت کی اپیلیں مسترد کردیں اور ریمارکس دیئے کہ ریاست کا اپنے شہریوں کو ملک دشمن قرار دینا بھی خطرناک ہے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے ڈینیئل پرل قتل کے ملزمان کے رہائی کے خلاف سندھ حکومت کی اپیلوں پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزمان کی رہائی کیخلاف حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کیخلاف اپیل بھی سماعت کیلئے منظور کرلی۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے حساس معلومات سربمہر لفافے میں عدالت کو دیتے ہوئے کہا کہ احمد عمر شیخ کے کالعدم تنظیموں سے روابط ہیں، شواہد موجود ہیں لیکن ایسے نہیں کہ عدالت میں ثابت کر سکیں، ریاست کیخلاف جنگ کرنے والا ملک دشمن ہوتا ہے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ جو مواد سپریم کورٹ کو دیا وہ پہلے کسی فورم پر پیش نہیں ہوا، جو معلومات کبھی ریکارڈ پر نہیں آئیں ان کا جائزہ کیسے لیں؟ ریاست کے پاس معلومات تھیں تو احمد عمر شیخ کیخلاف ملک دشمنی کا کیس کیوں نہیں چلایا؟۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں بنچ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا اور سندھ حکومت کی اپیل خارج کردی۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے ملزمان کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کیں تھیں۔