ساہیوال، اپوزیشن کے نامور ڈاکووں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہئیے، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا، سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلیٹنگ کیلئے آئینی ترمیم لا رہے ہیں، کرپشن کو روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔
ساہیوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت مل کر پارلیمنٹ چلاتے ہیں، انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آر او مانگنے کیلئے استعمال کیا، پارلیمنٹ کے اندر عوامی مفاد کی جو بحث ہونا چاہیئے تھی وہ نہیں ہو سکی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، ایک بھگوڑا لیڈر لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانا چاہتا ہے، یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے کیلئے حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں اور ان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے ارب پتی بنے، وہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ اسامہ بن لادن نے کس کو پیسے دئیے تھے، اکاونٹس کی اسکروٹنی ہوئی تو تحریک انصاف کے اکاونٹس شفاف نکلیں گے، ہم نے الیکشن کمیشن میں 40 ہزار اکاونٹس کا ڈیٹا دیا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاونٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس فورم پر اپوزیشن کے خلاف فیصلہ آئے وہ اس کو نہیں مانتے، نیب ان کی کرپشن پکڑ رہی ہے یہ نیب کو بھی نہیں مانتے، ماضی میں یہ ججز سے اپنی مرضی کے فیصلے کرواتے رہے، (ن) لیگ نے مرضی کا فیصلہ نہ آنے پر سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔