Jan 29, 2021 05:48 pm
views : 259
Location : Domestic Place
Islamabad- OGRA recommends increase in petroleum prices by up to Rs12
اسلام آباد، آپ نے گھبرانا نہیں ہے، عمران حکومت کا ایک ماہ میں تیسری مرتبہ پیٹرولیم قیمت میں بھاری اضافے کا امکان
حکومت کی جانب سے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نئی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے جس میں پیٹرول بارہ روپے اور ڈیزل دس روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی سمری تیس روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر تیار کی ہے، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی اکیس روپے چھپن پیسے اور فی لیٹر ڈیزل پر تئیس روپے نو پیسے ہے۔حکومت لیوی میں اضافہ نہ کرکے مجوزہ اضافے کو بہت کم سطح پر بھی لاسکتی ہے یا لیوی میں معمولی کمی سے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو برقراربھی رکھ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ 15 ،15 روز بعد دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے تحت یکم جنوری سے پیٹرول کی قیمت میں دو روپے اکتیس پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے اسی پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جبکہ پندرہ جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں تین روپے بیس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں دو روپے پچانوے پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔