Jan 30, 2021 06:15 pm
views : 260
Location : Domestic Place
Islamabad- Govt issues appointment notification of Azmat Saeed to probe Broadsheet scandal
اسلام آباد، جسٹس (ر) عظمت کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اب براڈشیٹ اسکینڈل کی تحقیقات جسٹس (ر) عظمت ہی کریں گے
وفاقی حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے اعتراض کے باوجود براڈشیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے ایک رکنی کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو افسران اور ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کا اختیار ہوگا، کمیشن تقرری اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا۔
ایک رکنی تحقیقاتی کمیشن براڈ شیٹ اور آئی اے آر کے انتخاب، تقرری کے عمل اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا۔ کمیشن دو ہزار تین میں براڈشیٹ اور آئی اے آر کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کی وجوہات اور اثرات کی جانچ پڑتال بھی کرے گا۔
دو ہزار آٹھ میں براڈ شیٹ کو پاکستان کی جانب سے کی گئی ادائیگیوں کی وجوہات اور اثرات کی نشاندہی بھی ہوگی۔ کمیشن یہ بھی دیکھے گا کہ دو ہزار آٹھ میں کی گئی ادائیگی جائز تھی، دعویدار کو ادائیگی کرنے کا عمل قانونی اور مقررہ قواعد کے مطابق تھا۔ کمیشن اس بات کو بھی دیکھے گا کہ آیا لندن عدالتوں کے سامنے کیس موثر طریقے سے لڑا گیا۔ 1.5 ملین ڈالر کی غلط ادائیگی کرنے کے ذمہ دار افراد یا عہدیداروں کی نشاندہی بھی کرے گا۔
کمیشن اس بات کی تحقیق بھی کرے گا کہ غیر قانونی طور پر حاصل شدہ اثاثوں کی ریکوری کے لیے دائر کیسز کیوں بند کیے گئے، ایک رکنی کمیشن غفلت یا بدانتظامی کے مرتکب کسی بھی فرد یا اتھارٹی کی ذمہ داری کی نشاندہی بھی کرے گا۔ کمیشن سے کیسز بند کرنے کے نتیجے میں ملک کو ہونے والے مالی نقصان کا تعین بھی ہوگا۔