Jan 30, 2021 06:28 pm
views : 251
Location : Domestic Place
Karachi- Process of Corona vaccination will start in Sindh from Wednesday
کراچی، صوبہ سندھ میں بدھ سے کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگا
سندھ کی صوبائی حکومت کی جانب سے بدھ سے صوبے بھر میں کورونا ویکسینیشن کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے دس اضلاع میں فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگائی جائیں گی۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو کے ہمراہ سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو چین سے ملنے والی سائینو فارم ویکسین کی پانچ لاکھ ڈوز میں سے سندھ حکومت کو بیاسی ہزار تین سو انسٹھ ڈوزز ملیں گی تاہم محکمہ صحت سندھ نے اپنے وسائل سے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے علیحدہ سے معقول فنڈز مختص کئے ہیں تا کہ صوبائی حکومت خود بھی ویکسین کی خریداری کر سکے ۔
ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو ویکسین کی خریداری کیلئے وفاقی حکومت کی اجازت درکار ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجازت کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے لیکن اس کا جواب ابھی تک نہیں آیا۔
قاسم سراج سومرو کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ہم فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، پالیسی کے مطابق جن علاقوں میں زیادہ کورونا کے کیسز مثبت ہیں ان کو ترجیح دی جارہی ہے،کراچی میں بائیس فیصد تنا سب رہا ہے اور اس کے بعد حیدرآباد ہے جہاں چھبیس فیصد تناسب گیا ہے، اس کے بعد شہید بے نظیر آباد ہے۔