اسلام آباد، وزیر اعظم اور سپہ سالار کی ملاقات، مادر وطن کے بھرپور دفاع کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم عمران خان سے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے، ایوان وزیر اعظم میں ہونے والی ملاقات میں سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ملاقات میں فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پچیس جنوری کو بھی وزیراعظم اور پاک فوج کے سربراہ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک تھے۔ قومی قیادت کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ سال چوبیس دسمبر کو آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ نے وزیراعظم سے اہم ملاقات کی تھی۔ قومی قیادت کے درمیان ملاقات میں مادر وطن کے بھرپور دفاع کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔
قومی قائدین کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال سمیت علاقائی اور خطہ کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس اہم ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جارجیت پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔