Feb 01, 2021 06:04 pm
views : 246
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- SC extends detention of accused in Daniel Pearl murder case
اسلام آباد، سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزم عمر شیخ کی نظربندی کے حکم امتناع میں ایک دن کی توسیع کردی
عدالت عظمیٰ کی جانب سے امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزم کی رہائی سے متعلق حکومت سندھ کی نظرثانی کی درخواست پر عمر شیخ کی نظر بندی کے حکم امتناع میں ایک دن کی توسیع کردی گئی۔
نظر ثانی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ احمد عمر شیخ بے گناہ ہے، جو ڈینئل پرل قتل کیس میں ملوث تھے ان کو چھوڑ دیا گیا، امریکی دباؤ میں آکر غلط بندے کو پکڑا گیا، احمد عمر شیخ نے برطانیہ سے قانون کی ڈگری پاس کی، اگر وہ جیل میں نہ ہوتا تو مجھ سے اچھا وکیل ہوتا۔
جسٹس سجاد علی شاہ نے استفسار کیا ہمیں بتائیں عمر شیخ کی حراست کا حکم کب ختم ہوا؟ جس پر معاون وکیل عمر شیخ نے بتایا کہ یکم دسمبر 2020 کو حراست کا حکم ختم ہو گیا تھا۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے تحت وفاق کو نوٹس دیا جانا ضروری ہے، عمر شیخ کی رہائی کا فیصلہ معطل نہیں ہوا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے، ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کے مقدمے کے عالمی اثرات ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے عمر شیخ کی نظربندی کے حکم امتناع میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سے مقدمے کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔