Feb 03, 2021 04:38 pm
views : 219
Location : Domestic Place
Islamabad- Pakistan launches nationwide COVID-19 vaccination drive
اسلام آباد، پاکستان بھی کورونا ویکسی نیشن کرنے والے ممالک میں شامل ہوگیا، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوگیا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں کورونا ویکسی نیشن کے عمل کے آغاز کے بعد پاکستان بھی کورونا ویکسی نیشن کرنے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔ این سی او سی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، دونوں ممالک کی دوستی مثالی ہے، مشکل صورتحال میں چین کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔
کراچی کے ڈاوؤ ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کو تیراسی ہزار کورونا ویکسینز موصول ہوئیں، کورونا کی ویکسی نیشن شفاف انداز میں ہونی چاہیے، معلوم نہیں چینی ویکسین کی تقسیم کس طرح کی گئی۔
پشاور میں بھی کورونا ویکسی نیشن کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا شریک ہوئے۔ نصیر اللہ بابر ہسپتال کے ڈاکٹر کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ محمود خان نے کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ابتدائی طور پر سولہ ہزار ویکسین موصول ہوئی، ویکسین صوبے کے آٹھ اضلاع میں ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی، ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔
بلوچستان میں بھی مہم کا آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ جام کمال کا کہنا تھا ویکسی نیشن کے عمل کو بتدریج آگے بڑھائیں گے، بلوچستان میں آٹھ ہزار کے قریب ہیلتھ ورکرز ہیں۔