Feb 07, 2021 05:08 pm
views : 203
Location : Domestic Place
Islamabad- Special team formed to find missing mountaineers
لاہور، غیر ملکی کوہ پیماؤں اور علی سدپارہ کی تلاش کیلئے دوسرے روز بھی سرچ آپریشن جاری رہا
وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایات پر کے ٹو سرکرنے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں اور محمد علی سدپارہ کی تلاش کیلئے دو روز سے آپریشن جاری ہے۔آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر موسم قدرے بہتر ہے، ریسکیو ٹیم میں چار مقامی کوہ پیما اور پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔
دنیا کی دوسری بلند ترین کے ٹو کی چوٹی کو سردیوں میں فتح کرنے کی مہم میں شامل نامور پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ، آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جان پابلو انتہائی بلندی پر پہنچنے کےبعد واپس نہیں پہنچ سکے۔علی سدپارہ سمیت دیگر کوہ پیماؤں کا جمعہ سے کیمپ سے رابطہ منقطع ہے،ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوہ پیما ٹیم کی تلاش کی گئی لیکن خراب موسم اور تیزہواؤں کے باعث ریسکیو آپریشن کامیاب نہ ہوسکا۔
آرمی کے ہیلی کاپٹر نے سات ہزار میٹر کی بلندی تک پرواز کی اور واپس سکردو لوٹ گئے۔ مہم جوئی میں علی سد پارہ کے ساتھ ان کے بیٹے ساجد سد پارہ بھی موجود تھے جو آکسیجن ریگولیٹر خراب ہونے پربحفاظت کیمپ ون میں پہنچ گئے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان اور آرمی چیف معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں، موسم کی صورتحال سازگار نہ ہونے کے باعث مشن آسان نہیں ہے۔ کوہ پیماؤں کی واپسی کیلئے قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے، علی سدپارہ کی بحفاظت واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔