اسلام آباد،بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیر اعظم عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیحات میں عام آدمی کا مفاد شامل ہے، مشکل معاشی حالات کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے لہذا ان کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
حکومتی معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ سب سے زیادہ غریب طبقات پر پڑتا ہے لہذا بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں تاکہ عوام بالخصوص غریب اور مڈل کلاس کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جبکہ احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر،معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، ندیم بابر، تابش گوہر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔