Feb 09, 2021 01:13 pm
views : 221
Location : Domestic Place
Karachi- Price of Electricity is likely to increase by Rs 3.5 per unit
کراچی کے شہریوں کی جیبوں پر چھ ارب روپے کا ڈاکہ ڈالنے کی تیاریاں ،بجلی ساڑھے تین روپے فی یونٹ مہنگی کئے جانے کا امکان
کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی ٹیرف میں تین روپے چوبیس پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مہنگائی کے ستائے عوام کی داد وفریاد سننے والا کوئی نہیں رہا۔
کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے بجلی کی قیمت میں گزشتہ چار ماہ کیلئے اضافہ اورتین ماہ کے لئے کمی کی درخواست کی ہے، جس کے منظوری پر کے الیکٹرک کے بجلی ٹیرف میں تین روپے چوبیس پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے جولائی دو ہزار بیس کیلئے اکہتر پیسے، اگست کیلئے ایک روپے چالیس پیسے، ستمبر کے لیے ایک روپے بارہ پیسے اور اکتوبر کیلئے پانچ پیسے فی یونٹ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔ اضافے کی صورت میں کراچی کے شہریوں پرچھ ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
علاوہ ازیں کے الیکٹرک نے نیپرا سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی بھی درخواست کی ہے۔ جولائی سے ستمبر دوہزار بیس کیلئے ایک روپے بانوے پیسے فی یونٹ اور اکتوبر سے دسمبر تک ایک روپے ستاسی پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی گئی ہے۔اس طرح سہ ماہی بنیادوں پر کے الیکڑک ٹیرف میں تین روپے اسی پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ کے الیکڑک نے اپریل سے جون دو ہزار بیس کیلئے تین روپے اکیانوے پیسے فی یونٹ کمی مانگی ہے۔ اس طرح سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سات ارب اننچاس کروڑ روپے بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر تئیس فروری کو سماعت کرے گی۔