اسلام آباد، پاک ترک مشترکہ جنگی مشقیں اتاترک الیون کا آغاز ہوگیا، جنگی مشقوں سے عسکری شعبوں میں جدت اور نئے رجحانات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا
دو اسلامی ممالک پاکستان اور ترکی کے مابین مشترکہ جنگی مشقیں اتاترک الیون کا آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے فوجی دستوں کے درمیان یہ جنگی مشقیں تین ہفتے تک جاری رہیں گی۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ جنگی مشقیں اتاترک الیون کی افتتاحی تقریب اسپیشل سروسز ہیڈکوارٹرز تربیلا میں ہوئی، پاکستان کے ایس ایس جی اور ترک اسپیشل فورسز مشقوں میں حصہ لیں گی، پاکستان اور ترکی کی مشترکہ جنگی مشقیں تین ہفتے جاری رہیں گی۔
مشقوں میں انسداد دہشتگردی، تلاشی و محاصرہ آپریشنز، دہشتگردوں کے ٹھکانے کلیئر کرنا اور مغویوں کی بازیابی کے آپریشنز بھی شامل ہیں جب کہ فری فال آپریشنز بھی تربیتی مشقوں کا حصہ ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ جنگی مشقیں دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی اور اس سے عسکری شعبوں میں جدت اور نئے رجحانات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔