اسلام آباد، سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ پچاس سے ستر کروڑ روپے لگ چکا، وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹنگ سے نہ ہوئے تو اپوزیشن والے روئیں گے، خفیہ ووٹنگ کے تحت حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفت وشنید کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ نہیں ہونا چاہیئے کہ ویڈیو کی ٹائمنگ کیا ہے، میرے پاس ویڈیو ہوتی تو اپنے خلاف مقدمات میں عدالت پیش کرتا، سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ پچاس سے ستر کروڑ روپے لگ چکا، کیسے ممکن ہے پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا۔
قبل ازیں احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام میں غیر سیاسی طور پر امدادی کیش فراہم کر رہے ہیں، مستحق افراد کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے چھوٹے کاروبار کیلئے سہولت فراہم کرینگے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر کام شروع ہوچکا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس کفالت پروگرام کوئی احسان نہیں، حکومت کا فرض ہے، حکومت کا فرض ہے کہ غریب طبقے کی مدد کرے، احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق افراد کو پیسے ملتے رہیں گے، تمام خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کیا جائے گا، اخوت کیساتھ مل کر کمزور طبقے کیلئے گھر بنانے میں مدد کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم بھی مزدور طبقے کیلئے ہے، مستحقین کو سود کے بغیر قرض فراہم کریں گے، کوئی نہیں کہہ سکتا احساس پروگرام میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ کی، غیر مستحق 30 ہزار افراد کو سکیم سے نکالا جاچکا، کورونا کے دوران سندھ میں آبادی کے لحاظ سے زیادہ پیسہ دیا گیا۔