Feb 13, 2021 04:36 pm
views : 228
Location : Domestic Place
Islamabad- Senate Election, Last date for filing nomination papers extended till Feb 15
اسلام آباد، سینیٹ انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع، آخری تاریخ کو بڑھاکر پندرہ فروری کردیا گیا
سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کیلئے کاغذات نامزدگی کی تاریخوں میں توسیع کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ فروری تک بڑھا دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کی سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر پندرہ فروری کردی ہے۔
سینیٹ انتخابات کیلئے نامزد امیدواروں کی فہرست سولہ فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال سترہ تا اٹھارہ فروری کو ہوگی، اپیلیں بیس فروری تک دائر ہوسکیں گی، تئیس فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائے گا، چوبیس فروری کو حتمی فہرست جاری ہوگی، پچیس فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ تین مارچ کو ہی ہوگی۔
خیال رہے کہ رواں ماہ باون سینیٹرز اپنی آئینی مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجائیں گے، جس کے بعد اڑتالیس نشستوں پر نئے سینیٹرز کا انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے۔