اسلام آباد، وزیراعظم نے بعض امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا
سینیٹ انتخابات کی ٹکٹوں پر ملک بھر میں حکمراں جماعت میں اختلافات سامنے آنے کے بعد بڑا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بعض نامزد امیدواروں سے سینیٹ ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سینیٹ کے ٹکٹوں کی تقسیم پر صوبائی تنظیموں کے اعتراضات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔ سینیٹ ٹکٹوں میں تبدیلی سے متعلق پارلیمانی بورڈ نے تجاویز پیش کردیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے ناراض عہدیداروں کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی جنرل نشست اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے شخص کو دی جائے، فیصل واوڈا کو بھی سینیٹ کا امیدوار نہیں ہونا چاہیے، سیف اللہ ابڑو پیپلز پارٹی کے لئے کام کرتے رہے ہیں، انھیں ٹکٹ دینا کسی صورت مناسب نہیں ہے، اگر انہیں ٹکٹ دیے گئے تو پھر ہم بلدیاتی انتخابات سے الگ ہوجائیں گے۔
بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی کی طرف سے عبدالقادر نامی شخص کو ٹکٹ دینے پر پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے کوئٹہ پریس کلب میں اس فیصلے کیخلاف باقاعدہ پریس کانفرنس کی کہ عبدالقادر پیرا شوٹر ہے جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ پارٹی رہنماؤں کے احتجاج پر وزیراعظم عمران خان نے عبدالقادر کے نام کو واپس لینے کا اعلان کیا۔
ادھر پشاور سے ارکان قومی اسمبلی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات میں سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔