Feb 17, 2021 04:00 pm
views : 234
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- If any party wins seats out of proportion, the system will be destroyed, Supreme Court Remarks
اسلام آباد، کوئی جماعت تناسب سے ہٹ کر سیٹیں جیت لے تو سسٹم تباہ ہو جائے گا، سپریم کورٹ
سپریم کورٹ آف پاکستان میں سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے صدارتی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل الیکشن کمیشن نے موقف اپنایا کہ ووٹوں کو خفیہ رکھنے کا مطلب ہے کہ ہمیشہ خفیہ ہی رہیں گے، کاسٹ کیے گئے ووٹ کبھی کسی کو دکھائے نہیں جاسکتے۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ووٹ ہمیشہ کیلئے خفیہ نہیں رہ سکتا، قیامت تک ووٹ خفیہ رہنا آئین میں ہے نہ عدالتی فیصلوں میں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ سینیٹ انتخابات آرٹیکل 226 کے تحت ہوتے ہیں، خفیہ ووٹنگ میں ووٹ کی تصاویر بنانا جرم ہے۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا قومی اسمبلی انتخابات کیلئے فری ووٹ کی اصطلاح استعمال ہوئی، سینیٹ انتخابات کیلئے فری ووٹ کی اصطلاح کو شعوری طور پر ہٹایا گیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے الیکشن کمیشن ڈالے گئے ووٹوں کا جائزہ لے سکتا ہے، کوئی جماعت تناسب سے زیادہ سیٹیں لے تو الیکشن کمیشن کیا کرے گا ؟ ووٹ فروخت کرنے سے متناسب نمائندگی کے اصول کی دھجیاں اڑیں گی، کوئی جماعت تناسب سے ہٹ کر سیٹیں جیت لے تو سسٹم تباہ ہو جائے گا۔
عدالت نے کیس کی سماعت کل بارہ بجے تک ملتوی کردی۔ کل دیگر صوبوں اور سیاسی جماعتوں کے دلائل سنے جائیں گے۔