اسکردو، لاپتہ پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے نے والد کی موت کی تصدیق کردی
بین الاقوامی شہرت یافتہ کوہ پیما علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد سدپارہ نے اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی سدپارہ اپنے دو غیر ملکی ساتھیوں کے ہمراہ کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہوئے، مجھے اور کئی انٹرنیشنل کوہ پیماوں کو یقین ہے کہ انھیں کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی پر حادثہ پیش آیا، اور جس بلندی پر حادثہ ہوا تھا وہاں چند گھنٹوں سے زیادہ زندہ رہنا ممکن نہیں تھا۔
ساجد سدپارہ کاکہنا تھا کہ میرا خاندان انتہائی شفیق باپ سے، پاکستانی قوم سبز ہلالی پرچم سے جنون کی حد تک محبت کرنے والے محب وطن قومی ہیرو سے اور دنیا ایک بہادر اور با صلاحیت مہم جو سے محروم ہوئی ہے، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم سب ایک دوسرے کے لیے سہارا بنیں گے ، اورمیں اپنے والد کے مشن کو جاری رکھوں گا اور ان کے ادھورے خواب پورے کروں گا۔
علی سدپارہ کے بیٹے نے کہا کہ پاکستانی قوم کی محبت میرے خاندان کے لیے انتہائی حوصلے اور ہمت کا باعث بنی، وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، عسکری ایوی ایشن اسکردو کے بہادر پائلٹس، وزیر اعلی خالد خورشید اور فورس کمانڈر میجر جنرل جواد قاضی، سابق فورس کمانڈر جنرل احسان محمود کا مشکور ہوں، کیوں کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تمام دستیاب وسائل استعمال کئے گئے، اور اس طویل ریسکیو آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، ورچوئل اینڈ فزیکل بیس کیمپ ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔