راولپنڈی،دہشتگردوں کا تعاقب جاری ہے، باقیات بھی ختم کرکے دم لینگے، ترجمان پاک فوج
ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی تباہی کے بعد دہشت گردوں نے پاکستان کے طول و عرض میں پناہ لینے کی کوشش کی ۔دہشت گردوں نے عوام کی زندگی مفلوج کرنے کی ناکام کوشش کی، گوادر میں نجی ہوٹل پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، ردالفساد کے تحت بڑے بڑے دہشت گرد نیٹ ورکس ختم کیے گئےہیں۔
انہوں نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں نے سخت محنت سے بڑے دہشت گرد نیٹ ورک پکڑے، آپریشن کے دوران عارضی نقل مکانی کرنے والے چھیانوےفیصد افراد کی گھروں کو باعزت واپسی ہوچکی ہے۔پیغام پاکستان نے فرقہ واریت پر قابو پانے میں بہت مدد دی ہے، ٹیررازم سے ٹورازم کا سفر انتہائی کٹھن تھا، بھرپور قومی جذبے کے ساتھ تئیس مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ ہوگی۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ پاک فوج کو ادراک ہے کہ افغانستان کے امن سے پاکستان کا امن جڑا ہے، سوشل میڈیا جتنا پھیل چکا اسے موثر انداز میں ریگولیٹ نہیں کیا جاسکتا۔
پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری سے متعلق خبریں بےبنیاد ہیں، فوج میں اعلیٰ سطح کی تقرریوں سے متعلق قیاس آرائی نہ کی جائے۔