Feb 23, 2021 02:17 pm
views : 225
Location : National Press Club
Islamabad- Civil Society organizes Candle light for Tribute to National Hero Mohammad Ali Sadpara
کراچی، قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کی یاد میں شمعیں روشن، سول سوسائٹی کا حکومت سے پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز محمد علی سدپارہ کے نام کرنے کا مطالبہ
دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی سر کرنے کے دوران فوت ہونے والے پاکستان کے قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کی یاد میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
پاکستان یوتھ کونسل فار انٹرفیتھ ہارمنی،ڈائیلاگ فار فار پیس اینڈ ہارمنی ،خلیل احمد ویلفیئر ٹرسٹ،پاکستان تحریک شعور اور دیگر این جی اوز کی جانب سے منعقدہ شمع روشن کی تقریب میں درجنوں خواتین، مردوں اور بچوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین کی جانب سے قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب میں شریک ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈائیلاگ فار فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان زمان باجوہ کا کہنا تھا کہ اس سرگرمی کا مقصد غم کی حالت میں موجود محمد علی سدپارہ کے اہل خانہ سے یکجہتی کرنا ہے۔محمد علی سدپارہ پوری قوم کا ہیرو تھا، پاکستان کی نوجوان نسل اور سول سوسائٹی غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہےا ور ہمارا دنیا کو یہ پیغام ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔
شرکاء نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز جام شہادت نوش کرنے والے محمد علی سدپارہ کے نام کیا جائے۔
چیئرمین خلیل احمد ویلفیئر ٹرسٹ سندس مہک کا کہنا تھا کہ ہم سب اسی کاوش سے اکٹھے ہوئے ہیں کہ محمد علی سدپارہ کو ٹریبیوٹ پیش کرسکیں، انہوں نے ہمارے لئے ایک مثال قائم کی ہے، ہر محب وطن کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے ملک کیلئے کچھ کرے، محمد علی سدپارہ نے بھی یہی کیا ہے۔
چیئرمین پاکستان یوتھ کونسل فار انٹرفیتھ ہارمنی آصف خورشیدکا کہنا تھا کہ محمد علی سدپارہ نے بہت مشکل حالات میں پاکستانی پرچم کی سربلندی کیلئے قربانی دی ہے، پوری قوم ان کی اس قربانی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
پاکستان تحریک شعور کے چیئرمین سجاد احمد مہر نے کہا کہ یہ قوم کبھی اپنے ہیرو کو نہیں بھلاسکے گی، شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے وہ قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
تقریب میں شامل طالبعلم محمد عبدالوہاب نے کہا کہ محمد علی سدپارہ کو پتہ تھا کہ شاید وہ اس مشن سے واپس نہ لوٹ سکیں تاہم اس کے باوجود انہوں نے اپنے خاندان کی پرواہ کئے بغیر ملک کا نام روشن کرنے کا عزم لئے جام شہادت نوش کیا۔