کولمبو، وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے
منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان پہلے اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کے اعزاز میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔وزیراعظم عمران خان کے کولمبو پہنچنے پر ان کے سری لنکن ہم منصب مہندا راجا پاکسے نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ کولمبوایئرپورٹ پر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔
وزیراعظم عمران خان کو کولمبو پہنچنے پر ان کے اعزاز میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد،معاون خصوصی زلفی بخاری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان اپنے دورے میں سری لنکا کے صدر اور اپنے ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے جس میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف امور میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف امور میں مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔دوسری جانب وزیراعظم جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔