راولپنڈی، پاک بھارت کا غیر متوقع صورتحال یا غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے ہاٹ لائن رابطے اور بارڈر فلیگ میٹنگ کا موجودہ طریقہ کار استعمال کرنے پر اتفاق
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے، جس میں لائن آف کنٹرول اور دیگر تمام سیکٹرز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی گفتگو اچھے ماحول میں ہوئی۔
مشترکہ مفادات کے حصول اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے دونوں اطراف سے امن کی تباہی اور تشدد کو فروغ دینے والے بنیادی معاملات اور خدشات کو حل کرنے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے باہمی معاہدوں، سمجھوتوں اور ایل او سی سمیت دیگر سیکٹرز پر جنگ بندی پر چوبیس اور پچیس فروری کی درمیانی رات سے سختی سے عمل درآمد پر اتفاق کیا، ہاٹ لائن گفتگو کے دوران اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال یا غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے ہاٹ لائن رابطے اور بارڈر فلیگ میٹنگ کا موجودہ طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔