Mar 06, 2021 07:48 pm
views : 237
Location : National Assembly
Islamabad- PM Imran receives vote of confidence from 178 MNAs
اسلام آباد، وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، عمران خان نے 178 ووٹ حاصل کئے
وزیراعظم عمران خان ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے 178 ووٹ حاصل کیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کیلئے اعتماد کے ووٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان، حکومت اور اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور ق لیگ سمیت 180 سے زائد ممبران اجلاس میں شریک ہوئے۔
جماعت اسلامی کے رکن مولانا اکبر چترالی اور پی ٹی ایم کے رکن محسن داوڑ بھی اجلاس میں شریک ہوئے تاہم اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اس کے ارکان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈے کے تحت کارروائی ہوئی۔ تلاوت کلام پاک کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم پر اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان دستور کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کے مطابق وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔
بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گنتی کے بعد نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان وزیراعظم منتخب ہوئے تھے تو انہوں نے 176 ووٹ حاصل کیے تھے لیکن آج ان کے 2 ووٹ زیادہ ہوگئے اور انہوں نے 178 ووٹ حاصل کیے۔ نتیجے کے اعلان کے ساتھ ہی ایوان وزیراعظم عمران خان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اب یہ نتیجہ صدر مملکت کو تحریری طور پر نتیجہ ارسال کیا جائے گا اور اجلاس برخاست کردیا جائے گا۔