Mar 09, 2021 01:55 pm
views : 228
Location : Domestic Place
Chinese national among two injured after firing in Karachi's Lyari
کراچی، لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، چینی باشندہ زخمی ہوگیا، ڈی آئی جی ساؤتھ کہتے ہیں چینی باشندے پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگیٹڈ لگتا ہے
کراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے غیرملکی شہری سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو میں ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے لیاری بغدادی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ فائرنگ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر کی گئی تھی، چینی باشندہ شیشہ لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔چینی باشندے پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگیٹڈ لگتا ہے۔
جاوید اکبر ریاض نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کرنے والے دو افراد موٹرسائیکل پرسوار تھے، چینی باشندہ ایریا وزٹ پر آیا ہوا تھا، گاڑی میں ڈرائیور اور چینی باشندے کا ترجمان موجود تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق فائرنگ سے گاڑی میں بیٹھا کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، چینی باشندہ بھی شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے زخمی ہوا جبکہ ایک راہ گیر فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوا۔موقع سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 2 خول ملے ہیں، گولیوں کے خول کو فرانزک کے لیے بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چینی باشندے صفائی کے سلسلے میں آتے جاتے رہتے ہیں، خوف و ہراس پھیلانے کی سازش معلوم ہوتی ہے۔