اسلام آباد، اداروں کو کمزور بناکر نواز اور زرداری ملک سے پیسے چوری کرکے باہر بھیجتے ہیں، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری بدعنوانی کیلئے پہلے اداروں کو کمزور کرتے ہیں اور پھر ملک سے پیسے چوری کرکے بیرون ملک منتقل کرتے ہیں۔آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم تب تباہ ہوتی ہے جب انصاف کی صلاحیت ختم ہوتی ہے، جس قوم میں اخلاقی معیار نہ ہو وہ کبھی انصاف نہیں کر سکتی، ملک میں کرپشن سے زیادہ کوئی اور چیز بنیادوں کو تباہ نہیں کرتی، بڑے منصوبوں میں بڑی سطح پرکرپشن ہوتی ہے، بدعنوان عناصر بڑے منصوبوں سے کمیشن لے کر باہر منتقل کرتے ہیں، ان بد عنوانوں کے باعث ملک مقروض ہو جا تا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غریب ممالک کا سات ہزار ارب ڈالر بیرون ممالک پڑا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بد قسمتی سے معاشرے میں کرپشن کو سب کیلئے قابل قبول بنا دیا جا تا ہے، بدعنوانی کرنے کے لئے نواز شریف اور آصف زرداری پہلے متعلقہ اداروں کو کمزور کرتے ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری جیسے صاحب اقتدار لوگ اپنے ملک سے پیسے چوری کرکے باہر بھیجتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جو تماشا چلا سب نے دیکھا، سب کو معلوم ہے سینیٹ انتخابات میں کھلے عام پیسا چلتا ہے، اب ایسے الیکشن نہیں کرسکتے اس لیے اگلے الیکشن کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے، شفاف انتخاب کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ مشین متعارف کرارہے ہیں۔