اسلام آباد، ریاستیں اخلاقی اقدار کھو دیں تو این آر او جیسے معاہدوں کا سہارا لیا جاتا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ریاستیں اخلاقی اقدار کھو دیں تو این آر او جیسے معاہدوں کا سہارا لیا جاتا ہے، سینیٹ انتخابات سے ظاہر ہوا ہم اخلاقی تنزلی کا شکار ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے اخلاقی گراوٹ، بد عنوانی نے ریاستوں کو تباہ کر دیا، اخلاقی برتری کے بغیر ریاستیں انصاف فراہم نہیں کرسکتیں، انصاف، قانون کی حکمرانی کے بغیر ریاستیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ریاست حکمرانی کا اخلاقی جواز کھو دے تو نا جائز سہارے ڈھونڈے جاتے ہیں، ہمارے نبی کریمؐ نے فرمایا ہم سے پہلے بہت سی قومیں تباہ ہوئیں، قوموں کی تباہی کا سبب طاقتور اور کمزور کیلئے مختلف قوانین ہونا تھا۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزا آفریدی کو نامزد کردیا۔حکومت کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار صادق سنجرانی کے بعد ڈپٹی چیئرمین کیلئے مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کیا ہے، وہ سابق فاٹا سے تحریک انصاف کے رکن ہیں۔
مرزا محمد آفریدی کی نامزدگی کا فیصلہ وزیراعظم کے ظہرانے میں فائنل کیا گیا، پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں نے بھی مرزا آفریدی کے نام پر اتفاق کیا۔