کورونا وبا کی تیسری لہر میں شدت آگئی، مزید 2 ہزار 664 کیسز رپورٹ
ملک میں کورونا وبا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے اور گزشتہ ایک روز میں اس وبا سے مزید 32 اموات جب کہ 2 ہزار 664 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 40 ہزار 564 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک میں اب تک کئے گئے کوویڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 94 لاکھ 85 ہزار 702 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 2 ہزار 664 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس کے بعد کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 5 ہزار 200 ہو گئی ہے، سندھ 2 لاکھ 61 ہزار179، پنجاب میں ایک لاکھ 85 ہزار468، بلوچستان 19 ہزار 206، خیبر پختونخوا 75 ہزار 725، اسلام آباد میں 47 ہزار710، آزاد کشمیر 10 ہزار952 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 960 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
کورونا وبا نے مزید 32 افراد کی جان لے لی ہے۔ اس طرح ملک میں اس وبا سے مصدقہ اموات 13 ہزار 508 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں کورونا وبا سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہورہی ہے جہاں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار753 ہوگئی ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 4 ہزار 453، خیبر پختونخوا 2 ہزار153، اسلام آباد میں 524، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 202 اور آزاد کشمیر میں 320 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے مزید ایک ہزار 275 مریضوں نے اس وبا کو شکست دے دی ہے۔ اس طرح ملک میں اب تک 5 لاکھ 70 ہزار 571 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 21 ہزار 121 فعال مریض ہیں جن میں سے ایک ہزار 805 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔