لاہور، ن لیگی کارکنان نے شہبازگل پر سیاہی اور انڈے برسا دیئے، معاون خصوصی کہتے ہیں ن لیگ نے اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی مجھ پر پھینک دی
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما شہبازگل لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے انہیں انڈے دے مارے جبکہ کارکنان نے ان پر سیاہی بھی پھینکی، سیاہی شہباز گل کے کپڑے اور ہاتھ سیاہی سے آلودہ ہوگئے۔
معاملہ اس وقت کشیدہ ہوگیا جب پی ٹی آئی کے کارکنان نے انڈے پھینکنے والے شخص کو پکڑ لیا اور اس کی خوب درگت بنائی ، کارکنان کے تشدد سے (ن) لیگ کے کارکن کا سر پھٹ گیا تاہم کورٹ میں موجود دیگر لوگوں اور پولیس نے اس کی جان بچائی۔
دوسری جانب شہبازگل جب عدالت کے احاطے میں پہنچے تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ عدالت میں کیا ہوا ہے؟۔ جس پر شہباگل کا کہنا تھا کہ مجھ پر انڈے اور سیاہی پھینکی گئی ہے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی مجھ پر پھینک دی، یہ غنڈہ گردی پر اترے ہوئے ہیں۔